لاہور، 4 ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ سیاست کو کاروبار بنانے والوں کا سیاسی مستقبل تاریک ہے،غریبوں کی محنت کی کمائی پر ہاتھ صاف کرنے والے 2023کےانتخابات میں بھی شکست کھائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ہفتہ کو یہاں شاہ فرید پارک نزد سکیم موڑ پر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے کیا۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن اور ناقص پالیسیوں سے عوام کی مشکلات بڑھیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کی سکیموں کو تیزی سے مکمل کیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ حکومت کی درست معاشی حکمت عملی سے ورثے میں ملی بیمار معیشت بہترہوئی ہے اوراب ہم صنعت کاری کے عمل کو تیز کرکے روزگار کے مواقع بڑھائیں گے۔انہوں نےکہا کہ ن لیگ کے دور میں انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتکاری کے نام پر ہونے والے پراپرٹی کے کاروبار کو بند کیا گیا ہے، پی ٹی آئی حکومت نے انڈسٹریل اسٹیٹس کی کالونائزیش کے لئے جامع اور مربوط پالیسی دی ہے، اب انڈسٹریل اسٹیٹس کی کالونائزیش بھی ہورہی ہے اور نئے صنعتی مراکز بھی بن رہے ہیں ۔
صوبائی وزیر نےکہا کہ عوام نے پی ڈی ایم کی ملکی ترقی کے خلاف ہر سازش ناکام بنا دی ہے، سیاست کو کاروبار بنانے اور ملکی وسائل لوٹنے والا ٹولہ مایوس ہو چکا اور ان کا سیاسی مستقبل بھی تاریک ہوچکا ہے ، اب اپوزیشن پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی بے مثال کارکردگی سے خوفزدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کی بے لوث خدمت کا سفر جاری رہے گا اور ملک مستحکم ہو گا۔