سی بی ڈی لاہور ملک کا پہلا سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ہے، پہلے پانچ پلاٹس کی نیلامی سے ساڑھے 21 سے 22 ارب روپے کی آمدن ہوئی ہے :ڈاکٹر شہباز گل

19

اسلام آباد۔9ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی ڈاکٹر  شہباز گل  نے کہا ہے کہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ لاہور کے پانچ پلاٹس کی نیلامی سے پنجاب حکومت کو ساڑھے 21 ارب روپے کی آمدن ہوئی ہے، یہ منصوبہ بغیر کسی قرضہ کے شروع کیا جا رہا ہے، اس سے 1500 ارب روپے آمدن ہوگی، اڑھائی لاکھ روزگار کے نئے مواقع پیداہوں گے، بلند ترین عمارتوں سے متعلق پالیسی کاجلد اعلان کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کوراوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران امین کے ہمراہ  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اور راوی  ریور  پروجیکٹ  موجودہ حکومت کا منصوبہ ہے۔ یہ عوامی مفاد کی بات ہے ۔سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے حوالےسے اخبارات کو کروڑوں روپے  کے اشتہارات دیئے گئے ہیں۔  انہوں نے کہاکہ لاہور میں پاکستان کی تاریخ کا پہلا سننٹرل  بزنس ڈسٹرکٹ بن رہا ہے ۔ پچھلے چند مہینوں سے اس پر کام جاری ہے ۔