صوبائی حکومت مسافروں کوعالمی معیار کی سفری سہولیات کی دستیابی کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی ا پ گریڈیشن کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے: صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی

18

لاہور، 30ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر جہانزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ  میٹروبس سسٹم میں 64سٹیٹ آف دی آرٹ بسوں کا اضافہ حکومت کی عوام کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ نئی میٹرو بسیں گجومتہ سے شاہدرہ تک27کلو میٹر کے ٹریک پر صبح6:15 سے رات10:00بجے تک صوبائی دارالحکومت کی عوام کومسلسل سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔    وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ نئے معاہدے سے حکومت پنجاب کو 2ارب روپے کی بچت ہو گی۔

میٹرو بس سسٹم کے ذریعے روزانہ ایک لاکھ سے زائد مسافر سفر کررہے ہیں۔میٹرو روٹ پر جدید سفری سہولیات سے آراستہ بسیں رواں دواں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بزدار حکومت کی کاوشوں سے اہالیان لاہور کیلئے بین الاقوامی معیارکے جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کی فراہمی ممکن ہوئی ہے۔ میٹرو بس سروس سے طلبا و طالبات، ملازمین، بزرگ اور خواتین سمیت ہر طبقہ مستفید ہورہا ہے۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ  نے کہا کہ کورونا وباء کے بعد معمول کے سفر میں میٹرو بس سسٹم کے تحت روزانہ سوا لاکھ سے زائد مسافر مستفید ہوں گے۔ میٹرو بس سسٹم پبلک ٹرانسپورٹ کاجدید نظام ہے۔         نئی میٹرو بسیں یورو تھری ڈیزل پر چل رہی ہیں۔ ماحول دوست میٹرو بسوں سے آلودگی اورسموگ سے پاک سرسبز پاکستان کا خواب پورا ہو گا۔

صوبائی حکومت مسافروں کوعالمی معیار کی سفری سہولیات کی دستیابی کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی ا پ گریڈیشن کیلئے عملی  اقدامات اٹھا رہی ہے۔پنجاب حکومت سستی اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔