پاراچنار، 06 ستمبر(اے پی پی): ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار سمیت ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مختلف تقریبات منعقد ہوئیں ۔ علاقہ عالمشیر میں شہید میجر گلفام کی قبر پر پاک آرمی کے چوک و چوبند دستے نے سلامی دی اور 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر نجف عباس اور کمانڈنگ آفیسر کرنل حماد خان نے پھولوں کی چادر چڑھائی ۔
اس موقع پر شہید میجر گلفام کے والد حاجی علی حسین کا کہنا تھا کہ دفاع وطن کیلئے بیٹے کی قربانی پر انہیں فخر ہے ۔
صدہ میں فرنٹیئر کور کی جانب سے منعقدہ تقریب میں کمانڈنٹ کرم ملیشیا کرنل آمین الحق اور 116 ونگ کے کمانڈر کرنل اسماعیل بیگ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی ۔ تقریبات میں سکولوں کے بچوں اور قبائلی عمائدین نے بھی شرکت کی اور ملک و قوم کیلئے قربانی دینے والے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کیا