عالمی یوم جمہوریت؛پاکستان میں جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچنے کا سلسلہ جاری

31

اسلا م آباد، 15 ستمبر (اے پی پی ):پاکستان میں جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے ۔بعض ناقدین کہتے ہیں کہ پاکستان میں  جمہوریت محض انتخابات میں ووٹ ڈالنے تک محدود ہےمگر یہ محدود اور یک طرفہ سوچ ہے۔ملک میں جمہوری اقدار کے پنپنے کا اندازہ لگانے کے لیے جمہوری اداروں کی کارکردگی کو دیکھا جا سکتا ہے،پاکستان میں مسلسل تیسری بار ایک سیاسی جماعت نے حکومت بنائی ہے، ہر الیکشن کے بعد مرکز میں نئی پارٹی کی حکومت آئی۔اس سے ظاہر ہےکہ اقتدار میں آنے کے لیے حکومت اور سیاسی جماعتوں کو کارکردگی دکھانا ہوتی ہے۔ملک میں شفافیت  کا نظام آج اس قابل ہے کہ  بڑے بڑے سیاست دان اپنے اثاثہ جات کے لیے جواب دہ ہیں۔اظہار رائے، صحافیوں کے تحفظ، ان کی نجی زندگی، ان کے خبر کے ذرائع کو محفوظ بنانے کے لیے قانون سازی ہو رہی ہے۔ملک میں دس سال پہلے کے سوشل میڈیا سے آج کا موازنا کیا جائے  تو بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ آج کس حد تک عوام ملکی مسائل  کو سمجھتے اور ان پر بحث کرتے ہیں اور آواز اٹھا سکتے ہیں۔