لاہور،15ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، آلودگی کے مسائل کے حل اور شجرکاری میں اضافے کے ذریعے ماحول کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ ہدایت بدھ کو یہاں ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت خصوصاً سوہنا لاہور پراجیکٹ اور دیگر اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل، صوبائی وزیر صنعت محمد اسلم اقبال، صوبائی وزیر بلدیات میاں محمودالرشید، صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل، کمشنر لاہور اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں تمام متعلقہ صوبائی اداروں کی طرف سے صاف پانی کی فراہمی، صحت کے شعبے کے علاوہ مرکزی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش پر خصوصی طور پر توجہ دی جا رہی ہے۔ ایل ڈی اے، لاہور کی مرکزی اور چھوٹی شاہراہوں کی اگلے چھ ماہ میں مرمت اور تزئین و آرائش کا کام مکمل کرے گی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ واسا صاف پانی کی فراہمی کے علاوہ بارش کے پانی کی سٹوریج کے لئے واٹر ٹینکس اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہا ہے۔ صوبہ بھر میں سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور صحت کارڈ کی موثر فراہمی کے لیے تندہی سے کام کیا جا رہا ہے۔
کمشنر لاہور نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سوہنا لاہور پلان کے تحت شہر میں آلودگی صفائی اور دیگر انتظامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں آلودگی کے مسائل کے حل کے لیے شجرکاری پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے لاہور میں شجر کاری کی ترغیب کے لیے پلانٹ فار لاہور کے نام سے مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے حکومت کے عوامی فلاح کے منصوبوں اور دیگر اقدامات اور شجر کاری کی اہمیت کے بارے میں عوامی آگاہی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم عمران خان نے سکولوں میں شجرکاری کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لاہور کو عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، آلودگی کے مسائل کے حل اور شجرکاری میں اضافے کے ذریعے اس کے قدرتی خوشگوار ماحول کو بحال کیا جائے۔