عوامی مطالبہ پر جلد اسلام آباد پشاور موٹروے پر ہارون انٹرچینج کا قیام عمل میں لایا جائے گا؛ ملک امین اسلم

34

اٹک، 18 ستمبر  (اے پی پی): وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ عوامی مطالبہ پر جلد اسلام آباد پشاور موٹروے پر ہارون انٹرچینج کا قیام عمل میں لایا جائے گا، سوئی گیس ،بجلی ،سڑکوں وگلیوں کی تعمیر وسمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل حضرو کے گائوں ہارون میں واٹر فلٹریشن پلانٹ اور سڑک کی تعمیر کے افتتاح کے بعد بڑے عوامی اجتماع سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک مین واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب سے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنے گی، وزیر اعظم عمران خان ملک وقوم کو تعمیر وترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہیں، موجودہ مہنگائی کی وجہ سابقہ حکومتوں کی ناقص پالیسیاں ہیں، قوم صبر کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دے۔

ملک امین اسلم نے اپنے خطاب میں  کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں وطن عزیز پاکستان کا وقار پوری دنیا میں بلند ہو رہا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ ایک نڈر اور بہادر لیڈر قوم کو نصیب ہوا جس نے امریکہ جیسی سپر پاور کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اپنا موقف پیش کیا اور امریکہ کی طرف سے پاکستان سے اڈے مانگنے کو مسترد کیا اس سے قبل کسی لیڈر نے ایسی جرات نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں بالخصوص یونین کونسل ہارون جہاں میں دلی سکون محسوس کرتا ہوں یہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا کردار بھر پور طریقہ سے ادا کرونگا ۔

قبل ازیں ہارون پہنچنے پر قیصر خان ، محمد علی خان ، رمیض خان اور ان کے ساتھیوں کی بڑی تعداد نے معاون خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں بگھی پر جلسہ گاہ پہنچایا، جلسہ سے قیصر خان ، رمیض خان ، ملک جمیل نے بھی خطاب کیا۔