عوا م کی جان ومال کا تحفظ حکومت اور پولیس کی ذمہ داری ہے :گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

12

لاہور،20 ستمبر (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ صوبے میں عوام کی جان ومال کا تحفظ حکومت اور پولیس کی ذمہ داری ہے،حکومت صوبے میں پولیس سمیت تمام اداروں کو سیاست سے پاک کر رہی ہے۔

ان خیالات  کا اظہار گورنر پنجاب نے  پیر کو یہاں   آئی جی پنجاب راؤ سردار علی  سے ملاقات میں کیا ، ملاقات میں  صوبے میں امن وامان کے قیام سمیت دیگر امور کے بارے میں بات چیت کی گئی ۔گورنر پنجاب نے خواتین اور بچوں کیساتھ جرائم کے واقعات کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے  کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف آئین وقانون کے مطابق بلاتفر یق کاروائی کی جائے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے آئی جی کو ہدایت دی کہ خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے مجرموں کے مقدمات کی تحقیقات جلدمکمل کی جائے۔انہوں نے کہا کہ تھانہ کلچر کے خاتمے اور عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے حکومت پولیس کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب نے گور نر پنجاب کو صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کے بارے میں بر یفنگ  دیتے ہوئے کہا کہ  تھانوں میں عوام کو انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ تھانوں میں ایس ایچ او سمیت تمام تقر ریاں میرٹ پر کی جارہی ہے اور  عوام کے تحفظ دور کرینگے۔