ملتان، 18 ستمبر (اے پی پی ):ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے کہا ہے کہ ٹاؤن پلاننگ فیلڈ سٹاف اپنے آپ کو متحرک کرے،روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لی جائے گی،غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی تیز کی جائے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز ڈائریکٹرز اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ہر فیلڈ آفیسر کو اپنے ایریا میں غیر قانونی تعمیرات کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔فیلڈ سٹاف اپنے آپ کو متحرک کرے اور روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ پیش کرے۔انہوں نے کہا کہ میں خود علاقہ جات کو چیک کروں گا۔کسی بھی غیر ذمہ داری کی صورت میں متعلقہ آفیسر اور فیلڈ سٹاف کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
فاطمہ جناح ٹاؤن کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ٹاؤن کی سکیورٹی کے لئے اچھی شہرت یافتہ سکیورٹی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کرنے کیلئے اشتہار دیا جائے گا۔ایسی سکیورٹی کمپنی سے معاہدہ کیا جائے گا جو باقاعدہ منظور شدہ ہو۔ٹاؤن میں موبائل موومنٹ کیلئے اپنے سکیورٹی گارڈز کو کمپنی موٹر سائیکل اور گاڑی مہیا کرے۔اس کیلئے نیا کنٹریکٹ تیار کریں۔انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح ٹاؤن میں بلاک وائز انفارمیٹری بورڈ بھی نصب کئے جائیں۔