ملتان، 11 ستمبر (اے پی پی): چئیرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی، ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن ملتان میاں محمد ماجد اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم نے کہا ہے کہ قائد اعظم نے ہندوّوں کی مکارانہ اور انگریزوں کی جارہانہ چالوں کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے ہمارے لیے الگ وطن پاکستان حاصل کیا، فرموداتِ قائداعظم ترقی پاکستان کا زینہ ہے، ہم قائداعظم محمد علی جناح کے اصول اپنا کر پاکستان کو ترقی یافتہ اور مستحکم بنا سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحیثیت مہمانان خصوصی پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ڈسٹرکٹ ملتان اور ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن ملتان کے آفس میں بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کے 73 ویں یوم وفات کے موقع پر منعقدہ سیمینار “اے قائداعظم تیرا احسان ہے”سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل اور امید کی کرن ہیں ، پاکستان کے اندھیرے دور کرنے ہیں اور روشنی پھیلانی ہے، ہمیں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں آنے کے لیے جدید تعلیم کو عام کرنا ہوگا اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔
انہوں نے کہ کہ نارمل بچوں کے ساتھ ساتھ سپیشل بچوں کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دینی ہوگی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں محمد ماجد نے کہا کہ قائد اعظم نے ہمیشہ نئی نسل کو تعلیم پر توجہ دینے کا پیغام دیا کیونکہ وہ جانتے تھے کہ کوئی بھی قوم تعلیم پر عبور حاصل کیے بغیر ترقی نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سپیشل ایجوکیشن خصوصی بچوں کو قائد اعظم کے افکار کے مطابق زیورِ تعلیم سے آراستہ کررہا ہے۔ سپیشل ایجوکیشن کے اداروں میں ان بچوں کو مفت تعلیم و تربیت، ماہانہ وظیفہ، پک اینڈ ڈراپ، یونیفارم اور کتب وغیرہ فراہم کی جارہی ہیں، والدین اپنے خصوصی بچوں کو محکمہ سپیشل ایجوکیشن کےاداروں میں داخل کروائیں تاکہ یہ بچے بھی قائداعطم کے ویژن کے مطابق ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
مخدوم شعیب اکمل ہاشمی نے کہا کہ قائداعظم کے فرمودات اور تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، ہمیں چاہیے کہ قائداعظم کے افکار پر چلتے ہوئے پاکستان کو حقیقی معائنوں میں علامہ اقبال اور قائداعظم کا پاکستان بنائیں، بدقسمتی سے پاکستان کو قائداعظم جیسا لیڈر ان کے بعد نہیں ملا مگر آج وزیراعظم پاکستان عمران خان قائد اعظم کا ویژن لے کر آگے چل رہے ہیں۔
نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ قائد اعظم اس صدی کے عظیم لیڈر ہیں قائداعظم و شخصیت تھے جنہوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے دنیا کا نقشہ بدل دیا نئی نسل کو چاہیے کہ وہ حضرت قائداعظم کو اپنا رول ماڈل بنائیں ان کی تعلیمات اور فرمودات کو اپناتے ہوئے ان پر عمل پیرا ہوں قائداعظم ایک سچے اور کھرے لیڈر تھے جنہوں نے ہمیں اس آزاد مملکت کا تحفہ دیا۔
اس موقع پر تقریب سے حاجی محمد اقبال اور ریاض خان بلوچ نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار کے اختتام پر قائد اعظم کے بلندیِ درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔