پشاور، 7ستمبر(اے پی پی): لنڈی کوتل میں پاک قومی موومنٹ کے زیراہتمام یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے ریلی نکالی گئی جو خیبر سلطان خیل مارکیٹ سے شروع ہو کر لنڈی کوتل بازار پرانے آڈہ بس سٹینڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت پاک قومی موومنٹ کے صرد شبیر آفریدی اور چیئرمین ملک زادہ محمد علی کر رہے تھے۔
یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ ریلی کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد، آئی ایس آئی زندہ باد کے نعرے لگائے۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
پاک قومی موومنٹ ریلی کے شرکاء نے کہا کہ یوم دفاع کے موقع پر پاک فوج سیکورٹی فورسز کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن قائم ہو گیا ہے اور ان کی قربانیاں صدیوں تک یاد رکھی جائینگی۔
ریلی کے شرکاء نے کہا کہ قبائلی عوام نے پہلے بھی ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی ہے اور آئندہ بھی ہر قسم کے مشکل حالات میں قبائل پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے اور اس ضمن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔