ملتان؛سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر،عمران سکندر بلوچ کا گورنمنٹ شہباز شریف ہسپتال  کا دورہ

25

ملتان، 21 ستمبر (اے پی پی): سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر،عمران سکندر بلوچ نے ملتان ڈویژن کا دورہ کیا اورگورنمنٹ شہباز شریف ہسپتال  میں انتظامی و صحت سے متعلقہ امور کا جائزہ لیا اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کیا۔

 ڈی جی ہیلتھ سروسز کی تکنیکی ٹیم نے ہسپتال انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہسپتال میں آئے مریضوں اور ان کے لواحقین سے بات کی مریضوں سے ان کی طبیعت کے بارے میں دریافت کیا، ہسپتال میں قائم کورونا ویکسی نیشن سینٹر اور ڈینگی کاونٹر پر انتظامات کو چیک کیا۔ ہسپتال میں قائم مختلف وارڈز، آپریشن تھیٹر، او پی ڈی کا دورہ بھی کیا۔

سیکرٹری عمران سکندر بلوچ نے کہا کہ تمام عملہ صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے ، تکنیکی ٹیم ہسپتال کے تمام امور کی تفصیلی رپورٹ بنائے گی۔ انہوں نے کہا ہسپتال میں عملے کی کمی کو فوری طور پر پورا کیا جائے ، رپورٹ کی بنیاد پر ہسپتال انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

سیکرٹری عمران سکندر بلوچ نے کہا کہ میڈیکل، پیرا میڈیکل اور دیگر سٹاف فرائض کی انجام دہی میں کوئی کمی نہ آنے دیں۔

ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر ہارون جہانگیر، سی ای اوملتان ڈاکٹر شعیب گرمانی اور ایم ایس راو امجد ہراہ تھے۔