ملتان، 07 ستمبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ شہریوں کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے متحرک ہو گئی ، ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان نے شہر کے مختلف علاقوں میں دورے کیے اور گھنٹہ گھر چوک میں حفاظتی ماسک اور سینیٹائزر تقسیم کئے۔انہوں نے مخلتف بازاروں میں دکانداروں کو ماسک بھی پہنائے۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں اور تاجروں کو کرونا ایس او پیز اپنانے کی ہدایات کی اور کہا کہ شہر اولیاء کرونا کے حوالے سے 16 حساس ترین اضلاع میں شامل ہے، کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے زیرو ٹالرنسں پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
عامر کریم خان نے کہا کہ ماسک اور سینیٹائزر کی تقسیم کا مقصد آگاہی پیدا کرنا ہے ، سول سوسائٹی اور تاجر برادری کورونا کیخلاف جنگ میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ شہری جلد از جلد ویکسینیشن کے ذریعے اپنی جانوں کا تحفظ یقینی بنائیں۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود کی جانب سے دکانداروں میں آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے۔