ملتان، 05 ستمبر (اے پی پی): کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں پر ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی ہدایت پر میگا کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، کریک ڈاؤن کے دوران 10 پٹرول پمپ،4 ہوٹل اور 17 دکانیں سیل کردی گئیں ہیں، کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرانے پر 67 کمرشل گاڑیاں بھی تھانہ بند کر دی گئی ہیں۔اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس نے مختلف کمرشل سنٹرز کو 3 لاکھ سے زائد جرمانے عائد کیے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود،اے سی صدر عدنان بدر اور سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن کی سربراہی میں کاروائیاں کی گئی ہیں، کورونا حفاظتی انتظامات نہ کرنے پر درجنوں پٹرول پمپ،دکانات اور پلازہ مالکان کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ 13 ستمبر تک کسی صورت لاک ڈاون کی خلاف ورزی نہیں ہونے دینگے اور تمام تقریبات،کھیلوں اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں سول سوسائٹی انتظامیہ کا ساتھ دے ، ویکسی نیشن نہ کرانے والے شہریوں کو کوئی سروس فراہم نہیں کی جائے گی۔