ملتان، 18 ستمبر (اے پی پی): کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے صبح سویرے یوسی 7,8,9 کا دورہ کیا اور پیدل شمس آباد چوک، عید گاہ،شاہ شمس پارک اور اطراف کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے گٹروں کے ٹوٹے ڈھکنوں، پانی لائن کی لیکج پر واسا پر برہمی کا اظہار کیا۔ کمشنر نے شہریوں سے شہر کی صفائی ، سیورج بارے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کےلیے کوشاں ہے ، افسران حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے محنت کریں۔
کمشنر نے شاہ شمس پارک میں جاری ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ 30 ستمبر تک پارک کی جھیل کو اصل حالت میں بحال کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پارکوں کی تزئن و آرائش لازم ہے۔
کمشنر نے ویسٹ مینجمنٹ کو پوری استعداد کار کیساتھ کام کرنے کی ہدایات پر عمل درآمد کرنے کو بھی کہا ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی محکمے شاہراہوں پر دوران کام وارننگ بورڈ نصب کریں اور
بغیر وارننگ بورڈ کام کرنے والے محکموں کی غفلت پر کارروائی ہوگی۔