ملتان :جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے پراجیکٹ پر کام کی رفتار کو تیز کر دیا گیا ہے

25

ملتان 13ستمبر، (اے پی پی ):جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے پراجیکٹ  پر کام کی رفتار کو تیز کر دیا گیا ہے اور حکومت نے اس منصوبے کے لئے1 ارب 95 کروڑ روپے جاری کردئے ہیں۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر کی زیر صدارت منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری رضوان قدیر اور آئی ڈیپ کے انجنئیرز نے شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن ر ثاقب ظفر نے اجلاس سے خطاب کے دوران منصوبے پر کام  کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر میں تاخیر بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سیکرٹریٹ کی مقررہ مدت میں تکمیل کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہا کہ وہ خود سیکرٹریٹ کی تعمیر کے منصوبے کی نگرانی کریں  گے اور منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ہر ہفتے اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ متی تل روڈ پر واقع404 کنال رقبے پر قائم ہونے والے اس منصوبے پر2 ارب40 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں جبکہ پراجیکٹ کے لئے1 ارب 95 کروڑ روپے جاری کردئے ہیں۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے منصوبے میں چیف منسٹر آفس کی تعمیر بھی شامل ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیکرٹریٹ میں اے سی ایس، اے آئی جی کے علاوہ15 محکموں کے سیکرٹریز کے دفاتر قائم کئے جائیں گے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے منصوبے پر کام کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کے لئے کیمپ آفس قائم کردیا گیا ہے اور تمام مشینری کو موبلائز کر دیا گیا ہے ۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا منصوبہ دو فیز میں مکمل کیا جائے گا،پہلے فیز میں دفاتر کا بلاک جبکہ دوسرے فیز میں سرکاری رہائش گاہیں تعمیر کی جائیں گی۔اس منصوبے پر2 کروڑ50 لاکھ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں،بریفنگ میں میں بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا منصوبہ 2023 تک مکمل کر لیا جائے گا۔