ملتان، 25 ستمبر (اے پی پی ):ڈویژنل انتظامیہ کے چہلم حضرت امام حسینؑ کے سلسلے میں انتظامات مکمل،کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان کے ہمراہ جلوس کے روٹس کا دورہ کیا ۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے سی پی او کے ہمراہ اندرون شہر میں پیدل مارچ کیا اورمیونسپل کارپوریشن،واسا،ویسٹ منیجمنٹ کمپنی اور پولیس نے انتظامات پر بریفنگ دی۔
کمشنر نے کہا کہ چہلم کے سلسلے میں سکیورٹی سمیت تمام انتظامات فول پروف ہیں۔ ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ محرم الحرام کی طرز پر ترقیاتی کام اور لائٹنگ کی جارہی ہے، عزادوں کی سہولیات کیلئے روٹس کو مکمل کلئیر کردیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ قیام امن کیلئے سکیورٹی اداروں سے مکمل رابطے میں ہے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ اندرون شہر کے روٹس پر تعمیراتی منصوبوں کو مکمل کرلیا گیا ہے، امن کمیٹی اور سول سوسائٹی کے اراکین قیام امن کیلئے پرعزم ہیں ۔
سی پی او منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ چہلم کے سلسلے میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے ، روٹس پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے براہ راست مانیٹرنگ کی جائے گی۔
اس موقع پر سی پی او منیر مسعود مارتھ اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود بھی انکے ہمراہ تھے۔