ملک میں انصاف آئے گا تو خوشحالی آئے گی، عدلیہ کو ہر قسم کی سہولیات دیں گے، وزیراعظم عمران خان

9

اسلام آباد،07 ستمبر(اے پی پی): ملک میں انصاف آئے گا تو خوشحالی آئے گی، عدلیہ کو ہر قسم کی سہولیات دیں گے، قانون کی حکمرانی کسی بھی ملک کی ترقی کی بنیاد ہے،ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے ڈسٹرکٹ کورٹس اسلام آباد کے سنگ بنیاد کی تقریب سے منگل کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ 93 ضلعی  عدالتوں کا سنگ بنیاد اس بات کی علامت ہے کہ انصاف ہماری ترجیح ہے۔ یہ بہت پہلے بن جانی چاہئیں تھی۔ انصاف ملنے سے معاشرہ آزاد ہو جاتا ہے۔ عدالتی نظام کے تحفظ کی وجہ سے سرمایہ کاری آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عدلیہ کو مکمل سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ اسلام آباد سے یہ اس کا آغاز ہے۔ یہ ہماری ترجیح ہے ۔ انصاف سے خوشحالی آتی ہے ۔انہوں نے چیئرمین   سی ڈی اےاور ایف ڈبلیو او کی جانب سے ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس کی عمارت کی تعمیراتی لاگت  میں ڈیڑ ھ ارب روپے  کی کمی  اور 6  ماہ میں اس کمپلیکس کی تکمیل  کے  عزم کوسراہا۔

وزیر اعظم نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی جانب سے عوامی مفاد کے بہترین فیصلوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ماحولیات کے تحفظ سمیت انہوں نے اہم فیصلے دیئے ہیں۔ 1960 سے 2010 تک اسلام آباد میں جتنی ترقی ہوئی اتنی 2020 تک 10 سال  میں ہوئی۔ اسلام آبادکے گرین ایریاز بچانے میں عدالتوں نے کردار اداکیا۔ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو آلودگی اور ماحولیاتی آلودگی سے بچانا ہے ۔ یہ ہماری قومی ذمہ داری بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے ملک کو سرسبز اور ہرا رکھیں۔.