موجودہ حکومت جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے اداروں کو مستحکم کر رہی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

27

اسلام آباد۔15ستمبر  (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم جمہوریت بدھ کو منایا گیا۔   اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں سیاسی، سماجی اور عوامی تنظیموں نے مختلف تقاریب کا انعقاد کیا۔ اسلام آباد میں یوم جمہوریت کے سلسلہ میں پاک چائنہ فرینڈشپ سنٹر میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود، وفاقی وزیر  انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے شرکت کی۔

  اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت  جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے اداروں کو مستحکم کر رہی ہے، جھوٹی خبروں کو روکنے کیلئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں ۔پاکستان میں جمہوری اداروں کی بہتری کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے، جمہوری اداروں کے استحکام کے لئے مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔