اوکاڑہ،17ستمبر(اے پی پی ): ڈسٹر کٹ اینڈ سیشن جج محمد سلیم نےکہا ہے کہ وطن عزیز کو ماحولیاتی آلودگیوں سے بچانے اورموسمیاتی تغیرات سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اوردرختوں کی حفاظت کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلین اینڈ گرین مہم کےحوالہ سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اوکاڑہ کے زیر اہتمام فیملی کورٹس کے احاطہ میں فائیکس کا پودا لگانے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں جہاں انسانوں کی صحت کو متاثر کر رہی ہیں وہیں پر ان سے غذائی قلت سمیت دیگر مسائل میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
اس موقع پرڈپٹی کمشنراوکاڑہ کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد علی اعجاز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد، سینئر سول جج خلیل احمد،صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اوکاڑہ ذوالفقار علی مرزا،جنرل سیکرٹری بار ایسوسی ایشن احسان ربیرہ نے بھی فائیکس کے پودے لگائے۔
تقریب کے موقع پر آگاہی واک بھی کی گئی اور ملکی سلامتی استحکام ،ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران، سینئروکلاء، سرکاری اداروں کےاہلکاران میونسپل کارپوریشن کا عملہ، ڈی او فارسٹ افتخارحسین جنجوعہ، گارڈن سپرنٹنڈنٹ قیصربشیر ناگی،صدر سماجی تنظیم “ماڈا” سینئرصحافی وکالم نگارمظہررشید اور دیگر صحافیوں نے شرکت کی۔