اسلام آباد، 30 ستمبر (اے پی پی ):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے نیشنل یوتھ کونسل ورکشاپ کی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ نوجوانوں کو گلہ تھا کہ ہمیں سنا نہیں جاتا، نیشنل یوتھ کونسل کے قیام کا مقصد فیصلہ سازی میں نوجوانوں کو شامل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں نوجوانوں کو نظر انداز کیا گیا، 18ویں ترمیم میں نوجوانوں کے امور صوبوں کے حوالے کر دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے نیشنل یوتھ کونسل قائم کی ، وزیراعظم عمران خان اس کونسل کے پیٹرن انچیف ہیں، نیشنل یوتھ کونسل بنانے کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا تھا۔
معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کیلئے 100 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، ڈونرز بھی کامیاب جوان پروگرام میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کی ایک لمبی فہرست ہے جو سیاست میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، وزیراعظم نے نوجوانوں کو آگے آنے کا بھرپور موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل کا یہ دوسرا گروپ ہے جو پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے ، حکومت کی یہ کوشش ہے کہ نوجوانوں کی آواز کو مرکز تک پہنچایا جائے ، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے قانون سازی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ہم نوجوانوں کی بہتری کا بل پارلیمنٹ سے پاس کرائیں گے ، کامیاب نوجوان پروگرام کا مقصد ہی یوتھ کو ایک برابری کے ساتھ آگے لانا ہے ، خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع ، بلوچستان، جنوبی پنجاب اور سندھ کے پسماندہ علاقے کے نوجوانوں کو سماجی و معاشی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔