اسلام آباد ، 08 ستمبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یو اے ای کووڈ کے بعد سب سے بڑا ایونٹ ایکسپو 2021ء کا انعقاد کرنے جا رہا ہے جس پر اسے مبارک باد پیش کرتے ہیں، وزارت تجارت اور وزارت اطلاعات اس ایکسپو میں شرکت کیلئے بھرپور تیاری کر رہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے بدھ کو یہاں متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی سے ملاقات میں کیا ، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ، افغانستان اور خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایکسپو میں اس بار اپنی طرز کا ایک منفرد پاکستانی پویلین ہوگا، وزارت تجارت اور وزارت اطلاعات اس ایکسپو میں شرکت کیلئے بھرپور تیاری کر رہی ہیں،متحدہ عرب امارات مشرق وسطی میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، یو اے میں سولہ لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جو بیرون ملک پاکستانیوں کی دوسری بڑی جائے سکونت ہے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام خطے کے مفاد میں ہے،پاکستان نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے مخلصانہ کاوشیں کی۔انہوں نے کہا کہ کابل سے غیر ملکی شہریوں کے انخلاء میں ہمارے کردار کو پوری دنیا نے سراہا ۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے یو اے ای سفیر کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین تمام شعبہ جات میں تعلقات کو مضبوط اور متنوع بنانے کیلئے پرعزم ہیں،پاکستان نے خطے بالخصوص افغانستان میں استحکام کیلئے گرانقدر کردار ادا کیا جو لائق تحسین ہے۔