اسلام آباد،14ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ کو فوجداری قوانین میں اصلاحات (کریمنل لاءریفارمز) پیش کی جانے والی تجاویز اور سفارشات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ مختلف قوانین میں مختلف ترامیم متعارف کرائی جا رہی ہیں، ان اصلاحات میں قوانین کو آسان بنانے اور آٹومیشن پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ انصاف کی جلد از جلد فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان تبدیلیوں کے نتیجے میں پاکستان کا کریمنل جسٹس سسٹم تبدیل ہو کر رہ جائے گا، وزیرِ قانون فروغ نسیم نے مختلف قوانین میں ترامیم کے حوالے سے کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ کابینہ نے ترامیم کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجاویز کی اصولی طور پر منظوری دیتے ہوئے ان تجاویز کو کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کو بھجوانے کی ہدایت کی، اب یہ معاملہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی میں زیر بحث آئے گا اور اس کے بعد ان کریمنل ریفارمز کو نافذ کر دیا جائے گا۔