وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب ترقی کے سفر میں شامل ہوچکا ہے؛ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار

9

لاہور،21 ستمبر(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب میں ترقی کانیا دورشروع ہوا ہے،جنوبی پنجاب ترقی کے سفر میں شامل ہوچکا ہے۔ جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار  وزیراعلیٰ پنجاب نے  منگل کو رکن صوبائی اسمبلی سلمان نعیم   سے ملاقات میں کیا ،ملاقات میں سلمان نعیم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو حلقے کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حلقے کے  مسائل ترجیحی بنیاووں پر حل کرنے اور جلد ملتان کا تفصیلی دورہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ 360ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج ہر ضلع کی یکساں ترقی کا آئینہ دار ہے،تاریخ میں پہلی بار منتخب نمائندوں کی مشاورت اور اضلاع کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر منصوبے شروع کئے ہیں جبکہ ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب سمیت صوبے کے ہر پسماندہ ضلع کو نظر انداز کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی منصوبوں میں لوٹ مار قصہ پارینہ بن چکی ہے،ایک بار پھر شہروں اور تحصیلوں کے دورہ  کا آغاز کردیا ہے،اپنے ادوار میں نمودو نمائش کرنیوالوں نے عوام کی ترجیحات کا تعین کئے بغیر منصوبوں پر قوم کا پیسہ ضائع کیا،ہماری حکومت نے ماضی کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے اور اب ذاتی نمائش نہیں بلکہ صرف کام ہوتا ہے اور ہم عمل کرکے دکھاتے ہیں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے رولز آف بزنس منظور کرکے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے محکموں کو بااختیار بنایاہے،ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کو انتظامی لحاظ سے خود مختاردی ہے۔

انہوں  نے آگاہ  کیا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کام کے سلسلے میں لاہور نہیں آنا پڑے گا،سابق حکومتوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے نعرے تو لگائے لیکن عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔