لاہور،25ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے فیصلوں کی بدولت پاکستان کورونا کے خلاف نہ صرف کامیاب رہا بلکہ معیشت بھی مضبوط ہوئی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں گورنر ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جب کورونا نے پوری دنیا پر اپنے پنجے گاڑھے تو پوری دنیا سہمی ہوئی تھی اس کا پوری دنیا میں کسی کو پتہ نہیں تھا کہ اب اس کا علاج کیا ہے، ہر ایک نے اپنے اپنے طور پر کوشش کی، پاکستان میں کوئی بھی ایسا شخص نہیں تھا جو مکمل طور پر لاک ڈائون کے حق میں نہ تھا،صرف ایک شخص مکمل لاک ڈائون کے خلاف تھا جس کا نام عمران خان تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مکمل کابینہ، اپوزیشن، میڈیا مکمل لاک ڈاون کا کہہ رہے تھے،دنیا کے پانچ بہترین ممالک ہیں جنہوں نے کورونا کا مقابلہ کیا ان میں سے ایک پاکستان ہے،حکومت نے مشکل حالات میں بھی ویکسین ختم نہیں ہونے دی، معاشرے کے سب سے زیادہ حساس طبقہ بزرگوں کی مکمل ویکسین ہو گئی ہے ۔











