لاہور، 15 ستمبر (اے پی پی ): وزیراعظم نے پنجاب میں انتظامی ڈھانچے کو عوام کی سہولت کے لیے مزید موثر بنانے اور عوام کو اشیائے خوردنوش کی فراہمی کم قیمت پر یقینی بنا نے کی ہدایت کی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو یہاں انتظامی ڈھانچے کی بہتری کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب نے شرکت کی۔
وزیراعظم عمران خان نے خصوصی ہدایت کی کہ عوام کی پولیس سٹیشن تک رسائی اور ان کی شکایات کی فوری دادرسی کے لیے موثر میکنزم ترتیب دیا جائے۔انہوں نے زور دیا کہ پولیس کسی بھی قسم کی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے وزیراعظم عمران خان کو بریف کیا۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے انتظامی فیصلوں میں شفافیت اور میرٹ کو مدنظر رکھا جائے گا ۔ مہنگائی پر قابو پانے کے لیےشہریوں کو بنیادی اشیائے خوردونوش کی مناسب نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کے جا ر ہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل اولین ترجیح ہے، پنجاب میں کرپشن اور بدعنوانی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کو انسپکٹر جنرل پنجاب سردار علی خان نے بھی صوبہ بھر میں پولیس کی اصلاحی ترجیحات پر بریفنگ دی اور کہا کہ پنجاب پولیس عوام کے بنیادی مسائل اور شکایات کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔