وزیراعلیٰ بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری اسفند یار خان کی زیر صدارت محکمہ معدنیات اور معدنی ترقی کے رواں مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں شامل نئے اور جاری ترقیاتی منصوبہ جات پر پیش رفت کے حوالے سے اجلاس

9

کوئٹہ 06 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری اسفند یار خان کی زیر صدارت محکمہ معدنیات اور معدنی ترقی کے رواں مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں شامل نئے اور جاری ترقیاتی منصوبہ جات پر پیش رفت کے حوالے سے اجلاس وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری معدنیات ظفر علی بخاری،سی ای او بلوچستان منرل ریسورس لمیٹڈ اور کمشنر معدنیات سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو سیکرٹری معدنیات نے رواں مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں شامل محکمہ جاتی نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں مجموعی طور پر 16منصوبے شامل ہیں جن میں 10 جاری اور 6نئی اسکیمات ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ کوئٹہ میں منرل کمپلیکس کی تعمیر،دکی میں مائنز ریسکیو سینٹر کے قیام سمیت بلوچستان میں منرل ریسورس میپنگ کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پہلی مرتبہ جیو ریسورس سروے اور مائنز لیبارٹری کے قیام کے منصوبے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے جن کی تکمیل سے مائننگ سیکٹر کی ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت بلوچستان میں میٹل پارک کے قیام کے لئے تین سو ملین روپے کی لاگت سے فزیبلٹی اسٹڈی کرائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں وزن کے لیے ڈیجیٹل کانٹوں کی تنصیب، محکمے کے افسران کی استعدادکار میں اضافہ کا پروگرام،رائلیٹی کی وصولی کے نظام کو آٹومیشن کرنے اور خام معدنیات کی ویلیو ایڈیشن کے لئے پلانٹ قائم کیے جائیں گے۔اجلاس کو بلوچستان منرل ریسورس لمیٹڈ سے متعلق امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بہت جلد کول مائنز پالیسی مرتب کی جائے گی۔اجلاس میں کول مائنز میں حفاظتی انتظامات سے متعلق قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور کول مائنز میں حادثات کی روک تھام کے سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی اور آلات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ محکمہ معدنیات کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق سہ ماہی رپورٹ پیش کرنے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ٹائم لائن مقرر کی جائے۔