نیویارک ،22 ستمبر(اے پی پی ):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےکہاہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانا چاہتے ہیں۔
وہ بدھ کو یہاں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب کا اہتمام قونصلیٹ جنرل نیویارک کی جانب سے کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بیرون ملک پاکستانی سفارتخانے اور مشنز سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی سہولیات کے لئے خصوصی اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ چیئرمین نادرا کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے کمیونٹی کی سہولت کیلئے اقدامات اٹھائے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ماضی میں ریکارڈ کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن ان اقدامات کی وجہ سے ہماری کمیونٹی کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو گا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہم نے اپنے مشنز کو خصوصی ہدایات دی ہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے بہت سے لوگوں کے کاروبار متاثر ہوئے لیکن میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے 29.4 ارب ڈالر کی تاریخی رقوم پاکستان بھجوائیں جن میں سے کم از کم 3 ارب ڈالر امریکا سے بھجوائے گئے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی بات کی ہے ۔ ہم نے اس حوالے سے قانون سازی بھی کی ہے اور مشکلات کے باوجود ہماری کوششیں جاری ہیں اور جاری رہیں گی۔ ہم پاکستان میں پالیسی سازی میں آپ کی شمولیت کیلئے کوشاں ہیں۔ بیرون ملک مقیم بہت سے پاکستانی، جن کو مالی آسودگی حاصل ہے اور وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں تو ان کیلئے ہم نئی سہولیات متعارف کروا رہے ہیں۔