وزیرِ اعظم عمران خان  شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کےلئے دوشنبے پہنچ گئے

39

دوشنبے،16ستمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان تاجکستان کے 2 روزہ سرکاری دورے پر دوشنبے  پہنچ گئے۔تاجکستان کے وزیرِ اعظم  قاہر رسول زادہ نے وزیرِ اعظم عمران خان کا استقبال کیا۔

وزیرِ اعظم تاجکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف سے دوطرفہ ملاقات کیلئے صدارتی محل کا دورہ بھی کریں گے اور  پاکستان اور تاجکستان کے مابین کاروباری شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ بزنس فورم سے خطاب بھی کریں گے۔

 وزیر اعظم دوشنبے میں ایس سی اوکے20 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے موقع پر اجلاس میں شریک رہنمائوں کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے۔ دورے کے دوران وزیرِ اعظم ایران، قزاخستان، بیلاروس اور ازبکستان کے صدور سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

 ایس سی او سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد وزیر اعظم  عمران خان تاجک صدر کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

 وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وزارتی وفد بھی  ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین ،  وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی، وزیراعظم کے مشیر  برائے تجارت عبدالرزاق داؤد اور نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر معید یوسف بھی  وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں ۔