وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پاک فضائیہ کا سی۔ 130 طیارہ افغان عوام کے لیے امدادی سامان لے کر  کابل پہنچ گیا

28

اسلام آباد،9ستمبر  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پاک فضائیہ کا سی ۔130 طیارہ افغانستان کے عوام کے لیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ لے کر  کابل پہنچ گیا۔یہ طیارہ جمعرات کو حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا،افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان اور پبلک ہیلتھ کے سینئر آفیشل حاجی عمر نے امدادی  سامان  متعلقہ افغان حکام کے حوالے کیا جس میں تقریبا10 ٹن آٹا ، ڈیڑھ ٹن گھی اور بھاری مقدار میں ادویات شامل ہیں۔

 اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر منصوراحمد خان نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے افغانستان کے لئے ہنگامی امداد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ یہ پہلی پرواز ہے جبکہ دوسری پرواز کل (جمعہ کو ) قندھار  آئے گی جبکہ امدادی سامان کا ایک جہاز خوست بھجوایا جائے گا اور یہ سلسلہ اب جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سرکاری اور نجی شعبہ کے ساتھ ساتھ خیراتی اداروں  کی جانب سے خصوصی پروازوں اور طورخم و چمن کے زمینی راستوں کے ذریعے بھی امدادی سامان افغانستان  لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے جانے کے بعد افغانستان میں   یقینی طورپر مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں اس وقت افغان عوام کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لئے درکار انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے عبوری  سیاسی سیٹ اپ قائم کیا  گیا ہے۔ہم امید کرتے ہیں کہ یہ عبوری ڈھانچہ افغان عوام کی انسانی ،  ترقیاتی  اور دیگر گورننس ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کام کرے گا۔ سفیر نے کہا کہ جہاں تک مستقبل کے فریم ورک کا تعلق ہے طالبان  نے کہا ہے کہ  وہ مستقل سیٹ اپ  کے قیام پر کام کر رہے ہیں  تاہم یہ بعد کا مرحلہ ہے ، اس وقت افغانستان میں  انسانی اور ترقیاتی ضروریات زیادہ اہم ہیں۔ہم  بین الاقوامی برادری اور دیگر پڑوسی ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں،پاکستان نے افغانستان کے حوالے سے تعمیری پالیسی اپنا رکھی  ہے  اور اس کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر سختی سے  عمل پیرا ہے ۔

سفیر منصور احمد خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے لئے کی جانے والی عالمی کاوشوں کا حصہ رہا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان افغانستان کے ساتھ معاشی اور علاقائی رابطوں کے لئے سرگرم ہے۔انہوں نے کہا کہ افغان عوام پاکستان کی جانب سے  انسانی ہمدردی کی بنیاد  پر معاونت اور ترقیاتی کاموں اس کے کردار کو سراہتے ہیں۔