دوشنبے،17ستمبر (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانیہ کی طرف سے پاکستان کو سفری پابندیوں سے متعلق ریڈ لسٹ سے نکالے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خوش آئند فیصلہ ہے اور ریڈ لسٹ کی وجہ سے معاشی اور ذہنی تکالیف برداشت کرنے والے پاکستانیوں کے لئے ایک اچھی خبر ہے۔
جمعہ کو دوشنبے سے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری کاوشیں رنگ لے آئی ہیں اور برطانیہ نے پاکستان کو سفری پابندیوں سے متعلق ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے جو انتہائی باعث مسرت بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سائنسی بنیادوں پر اعداد و شمار پیش کئے جس سے ہمیں یہ کامیابی ملی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بہت سے پاکستانی جنہوں نے ریڈ لسٹ کی وجہ سے معاشی اور ذہنی تکالیف برداشت کیں ان کے لئے یہ ایک بہت اچھی خبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب کے دورہ پاکستان کے موقع پر میں نے اس معاملے پر ان کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی اور انہیں اس فیصے پر نظرثانی کرنے کے لئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ میں برطانوی وزیر خارجہ کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے۔ وزیر خارجہ نے ریڈ لسٹ سے نکالے جانے پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد بھی پیش کی۔