اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے چیئرمین پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے بدھ کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات کے دوران افغانستان سے انخلاء کے عمل میں پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ معاونت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے کابل سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے اہلکاروں اور بین الاقوامی میڈیا نمائندگان کے انخلا میں بھرپور معاونت فراہم کی،آج دنیا انخلاء کے عمل میں پاکستان کے متحرک، فعال اور مثبت کردار کو سراہ رہی ہے۔وزیر خارجہ نے نامساعد حالات میں فلائٹ آپریشن جاری رکھنے اور غیر ملکیوں کی بڑی تعداد کو پی آئی اے کے ذریعے کابل سے نکالنے پر چیئرمین پی آئی اے کو مبارکباد دی۔