اسلام آباد،02ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نےسینئر حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر اپنے پیغام میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کے انتقال کی خبر کشمیر اور پاکستان کے عوام پر بجلی بن کر گری ہے۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے کشمیر میں فکر حریت کی جو شمع جلائی، وہ کشمیر کے عوام کی آزادی کے حصول تک جاری رہے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہوں نے کشمیر کے عوام میں جو فکر پیدا کی، اسے پاکستان اور کشمیر کے عوام امانت کے طور پر لے کر آگے بڑھیں گے، سید علی گیلانی کی تمام عمر کشمیر کی آزادی، پاکستان اور اسلام کی محبت میں گزری، انہوں نے ہمیشہ کشمیریوں کی آزادی اور حقوق کے لئے جدوجہد کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان کی جدوجہد کا طویل سفر 1947ءسے پہلے شروع ہوا، وہ اختتام کو پہنچا لیکن ان کی جدوجہد کا سفر جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں، میں وزیراعظم، پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے کشمیر کے عوام سے اظہار افسوس کرتا ہوں،ہم حریت فکر کے اس عظیم مجاہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔