وہاڑی؛ ایس پی انوسٹی گیشن وہاڑی عبدالرؤف کی زیر صدارت پولیس لائنز میں کرائم کے حوالے سے اہم اجلاس

11

وہاڑی ،22ستمبر  (اے پی پی ):ایس پی انوسٹی گیشن وہاڑی عبدالرؤف میاں نے وہاڑی پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے پولیس لائنز وہاڑی کے کانفرنس روم میں کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا۔ کرائم میٹنگ کے دوران ضلع بھر کے ایس ایچ اوز موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران ایس پی انوسٹی گیشن عبدالرؤف میاں نے موجودہ دنوں میں کرائم کی صورت حال کاجائزہ لیا۔

ایس پی انوسٹی گیشن نے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایات کے مطابق منشیات، قحبہ خانے اور جوئے کے اڈے جیسے منظم کرائم کے خلاف بلاتفریق کاروائیاں کی جائیں۔کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اور پکار 15 پر موصول ہونے والی شکایات/کالز پر فوری رسپانس دے کر شہریوں کو زیادہ سے زیادہ میرٹ پر ریلیف فراہم کیا جائے۔انسداد گداگری ایکٹ کے تحت پیشہ وارانہ بھکاریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ حوصلہ شکنی کی جائے جبکہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے تعاون سے بھیک مانگنے والے بچوں کی اصلاح کے لئے اقدامات کئے جائیں، پولیس کی تمام وہیکلز پر ٹریکر فعال ہونے چاہیں جبکہ پٹرولنگ کو مزید موثر کیا جائے، بیٹ افسران بیٹ بک کے ریکارڈ کے مینول اور آن لائن تکمیل کو یقینی بنائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجرمان اشتہاریوں، عدالتی مفرور اور ٹارگٹ افینڈرز کی گرفتاری مہم کو تیز کیا جائے جبکہ ایسے افراد کی ہسٹری شیٹ اور پرسنل فائل کو مرتب کر کے آن لائن بھی کروایا جائے۔