نیویارک،22ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، مصر کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔پاکستان اور مصر کے مابین یکساں مذہبی، ثقافتی اور تہذیبی اقدار، ان تعلقات کو مزید مستحکم کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے مصری ہم منصب سامح شکری سے نیویارک میں جاری اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال ہوا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان، پارلیمانی، اقتصادی ،دفاعی، تہذیبی اور علمی شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، ہماری پارلیمنٹ میں، پاک – مصر فرینڈشپ گروپ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ کیلئے متحرک ہے۔