لاہور، 14ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہترین دوستانہ اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں اور پاکستانیوں کو فائزر ویکسین کا عطیہ دینے پر امریکی حکومت کے شکرگزارہیں۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نےایکسپو سنٹرلاہورمیں یو ایس قونصلیٹ جنرل لاہورکے زیراہتمام تقریب میں بطورمہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا ۔اس مو قع پر امریکی قونصل جنرل ویلیم مینکینیول نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو خوش آمدید کہا۔ڈاکٹریاسمین راشدنے امریکی قونصل جنرل ویلیم مینکینیول کے ہمراہ فائزر ویکسی نیشن کاؤنٹرکادورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اب تک3کروڑ90لاکھ افراد کو کوروناسے بچاؤ کی ویکسین لگاچکے ہیں،پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں داخل 87فیصدمریض نان ویکسینیٹڈ ہیں،اعدادوشمارکے مطابق لاہور کی 50فیصدآبادی کو کوروناویکسین لگاچکے ہیں،17سال سے زائدعمرکے تمام افرادفوری طورپرویکسین لگوائیں،یوایس قونصل جنرل ویلیم مینکینیول کا بھی شکریہ اداکرتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں کوروناسے بچاؤ کیلئے ایس اوپیزپر سختی سے عملدرآمدکروایاجارہاہے، سرکاری ہسپتالوں کے آئی سی یوزمیں 95فیصدمریض نان ویکسینیٹڈ ہیں، کوروناسے بچاؤ کیلئے ویکسین لگوانا انتہائی ضروری ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ویکسی نیشن کا دائرہ کار وسیع کیاجارہاہے،وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق زیادہ سے زیادہ آبادی کو ویکسین لگاکرملک کو کوروناوائرس سے محفوظ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
اس موقع پر یو ایس قونصل جنرل لاہورویلیم مینکینیول نے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی آمدپر شکریہ اداکرتے ہیں، امریکہ نے10ستمبرکولاہوریوں کیلئے فائزرویکسین کی 3لاکھ20ہزارسے زائد خوراکیں عطیہ کی ہیں،پہلے بھی ملتان اور فیصل آبادکیلئے فائزر کی3لاکھ سے زائدخوراکیں عطیہ کی گئی ہیں، امریکہ پاکستانی عوام کووعدہ کے مطابق کوروناویکسین عطیہ کررہاہے۔امریکی حکومت اب تک پاکستانی عوام کیلئے ویکسین کی 15ملین خوراکیں عطیہ کرچکی ہے۔