اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صنعت اور یونیورسٹیوں کے درمیان روابط پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انجینئرنگ یونیورسٹیوں کو معیاری ، جدید اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم کی فراہمی پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے تاکہ ملک مختلف شعبوں میں آگے بڑھ سکے، انجینئرنگ کے شعبہ میں معذور افراد اور خواتین کے لئے داخلوں اور ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان انجینئرنگ کونسل کی نو منتخب گورننگ باڈی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انجینئرنگ وہ پیشہ ہے جو قوموں کی تعمیر کرتا ہے، انجینئرز کی محنت ہمیشہ قائم رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرز کی محنت اور کام سے تہذیبوں کی پہچان ہوتی ہے، پاکستانی انجینئرز نے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا، انجینئرز دفاع اور کنسٹرکشن سمیت مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے اور اس میں انجینئرز کا اہم کردار رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہمیشہ موقف رہا کہ افغان مسئلہ جنگ سے حل نہیں ہو گا، اربوں ڈالر خرچ کر نے کے بعد امریکہ کو سمجھ آیا کہ افغان مسئلہ طاقت سےحل نہیں ہو گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ انجینئرز سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں، تعمیرات، نیوکلیئر انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ماحولیات، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں دنیا اور پاکستان کی ترقی میں انجینئرز کا اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کو انجینئرز کے مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز اور انڈسٹری کو آپس میں رابطہ قائم کرنا ہوگا ، انجینئرنگ یونیورسٹیوں کو مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق انجینئرز پیدا کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کے مطابق انجینئرنگ کی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی تاکہ پاکستانی انجینئرز ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں، ہنرمند افراد، ڈاکٹرز اور انجینئرز کو ملک میں موجود مواقع کو ترجیح دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل معذور طلباء کی حوصلہ افزائی کرے، خواتین کو بھی انجینئرنگ کے شعبے میں ملازمتیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران حکومت نے ہمدردی اور احساس کا رویہ اپنایا جس کے باعث پاکستان پر بھارت سے کم اثرات مرتب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نیک نیتی اور محنت سے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائےسائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت سائنس و ٹیکنالوجی بالخصوص انجینئرنگ کے شعبہ کی بہتری پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرز کی تعلیم کے آخری مرحلہ میں انٹرن شپ ہونی چاہئے، انجینئرنگ کی برآمدات میں اضافہ کیلئے اقدامات ضروری ہیں، حکومت کا کام سازگار ماحول فراہم کرنا اور مراعات دینا ہے۔ نومنتخب چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل رکن قومی اسمبلی انجینئر نجیب ہارون نے کہا کہ سی پیک منصوبوں میں انجینئرز کی خدمات کا اعتراف کیا گیا ہے، انجینئرنگ کی تعلیم کو عالمی معیار کے برابر لانے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں انجینئرز کا اہم کردار ہے اور وہ اپنے اس کردار کو بھرپور انداز میں ادا کریں گے۔