پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے سیاسی اورمعاشی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،مخدوم شاہ محمود قریشی

12

نیویارک،24 ستمبر(اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے سیاسی اور معاشی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ یہ بات انہون نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس کے موقع پر جاپان کے وزیر خارجہ مسٹر توشی مِٹسو موتیجی سے ملاقات کے دوران کی۔

ملا قات میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دوطرفہ تعلقات،افغانستان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان جاپان کو ایک ترقیاتی حوالے سے قابل اعتماد شراکت دار سمجھتا ہے اور کہا ہم 2022ء میں پاکستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات  کی 70 ویں سالگرہ کو پرجوش انداز میں منانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے پاک جاپان باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا اور اپنے جاپانی ہم منصب کو افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کا قیام خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،افغانستان میں نمو پاتے انسانی اور معاشی بحران کے خاتمے کے لیےضروری ہے کہ عالمی برادری افغانوں کی معاونت کو یقینی بنائے۔

وزیر خارجہ نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے شواہد پر مشتمل ایک “ڈوزیر” جاپانی ہم منصب کو پیش کیا۔