پاکستان میں سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں؛ ڈاکٹر اسد مجید خان

10

واشنگٹن،15ستمبر  (اے پی پی):امریکہ میں پاکستان کے سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، پاکستان میں سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانہ میں  پاکستان کی سیاحت اور ثقافت کے فروغ کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔   انہوں نے کہا کہ پاکستان شاندار اور قدرتی مناظر ، بھرپور اور متنوع ثقافت اور تاریخی ورثے سے مالا مال ہے، سیاحت کے فروغ کیلئے حکومت پاکستان جامع اور عملی اقدامات اٹھا رہی ہےجن میں  انفراسٹرکچر کی بہتری، سرمایہ کاری کے مواقع اور آسان ویزہ پالیسی شامل ہیں۔

ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا شمار دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات میں ہوتا ہے،  فوربس ، دی برٹش بیک پیکرز سوسائٹی اور کونڈے ناسٹ ٹریولر سمیت متعدد بین الاقوامی اداروں نے پاکستان کو سیاحتی مقامات میں سرفہرست قرار دیا ہے۔

تقریب میں پاکستانی کھانوں ، موسیقی اور ثقافت کے حوالے سے ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔اس موقع پر  پاکستان کے خوبصورت اور دلکش قدرتی مناظر ، لوگوں ، تاریخی یادگاروں اور بھرپور ثقافتی ورثے پر مبنی ایک تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا۔ تقریب کے شرکاء نے پاکستانی ثقافت ، کھانوں اور ورثے کو سراہا۔ یہ تقریب پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے ترتیب دی گئی تقریبات کی سیریز کا آغاز تھا۔