پشین، 22ستمبر (اے پی پی ) :ڈپٹی کمشنر شبیراحمد مینگل کی زیر صدارت یہاں ڈی سی کمپلیکس کے سبزہ زار پر کھلی کچہری کا انعقاد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر پشین شبیراحمد مینگل نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام کوفوری ریلیف فراہم کرتے ہوئے ان کے مسائل کی دادرسی کرنی ہے، صوبائی حکومت کی ہدایات کے تحت دفتری اوقات میں بھی عوام کے مسائل سن کر انکی روزانہ کی بنیاد پر داد رسی کی جا رہی ہے جس سے سائلین حقیقی معنوں میں ریلیف محسوس کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر شبیراحمد مینگل نے کہا کہ کھلی کچہری میں سائلین کی درخواست پر موقع پر ہی متعلقہ افسران کو حل کے لیے احکامات جاری کر دیے جاتے ہیں تاکہ انکی فوری دادرسی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پشین کی عوام کے مسائل حل کر نے کے لیے ہر ممکن کاوشیں کی جارہی ہیں اور اس ضمن میں تمام سر کاری افسران کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔اس کے علاوہ دیگر محکموں کی کار کر دگی کی بھی نگرانی کی جارہی ہے اور اس امر کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ عوام کے مسائل ان کے گھر کی دہلیزپر حل کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر اور دیگر آفیسران نے کھلی کچہری میں عوامی مسائل بغور سنے اور موقع پر ان کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ کھلی کچہری میں سائلین کی جانب سے مختلف محکموں سے شکایات کے متعلق درخواستیں موصول ہوئیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر عملدرآمد کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے کہا اس سلسلہ میں مزید اقدامات کیے جارہے ہیں۔کھلی کچہری میں عوام کے مسائل سنے گئے اورموقع پر متعلقہ محکموں کو فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ۔
ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد ہے کہ شہری عوام کے ساتھ ساتھ دیہاتوں میں رہنے والے لوگوں کے مسائل فوری طور پر حل کیے جاسکے اور ان کی دہلیز پر انصاف مہیا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو فوری انصاف کی فراہمی ان کا بنیادی حق ہے اس میں کسی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ تمام متعلقہ اداروں کو اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرنا ہوگاتاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔
ڈپٹی کمشنر شبیراحمد مینگل نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور کھلی کچہری میں موصول ہونے والی شکایات پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں سائلین کے مسائل حل کیے جارہے ہیں وہاں حکومتی اداروں کی کارکردگی کو بھی بہتر بنانے کا موقع مل رہا ہے عوام کی خدمت کرنا، ان کے مسائل کا حل اور عوام کے جان ومال کا تحفظ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔ جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
کھلی کچہری میں ایس ایس پی پشین محمدایوب اچکزئی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وسیم احمد جوگیزئی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) شیخ نجیب اللہ مندوخیل، اسسٹنٹ کمشنر پشین اعجاز سرور ،اسسٹنٹ کمشنر برشور حفیظ اللہ سوری، اسسٹنٹ کمشنر کاریزات سعیداحمد دومڑ سمیت ضلعی محکمہ تعلیم، صحت، پبلک ہیلتھ، زراعت، جنگلات، ضلع کونسل، لوکل گورنمنٹ، نادرا، ایکسائز، سوئی گیس، کیسکو اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی، اس کے علاوہ پشین کے وکلاء، سماجی کارکنوں، تاجروں اور شہریوں نے بھی کھلی کچہری میں شریک ہوئے۔جبکہ مختلف محکموں کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔