چنیوٹ،16ستمبر ( اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام انڈر 16 سینٹرل پنجاب سکولزکرکٹ چیمپئن شپ کے دوسرے روز ٹیموں کے مابین کرکٹ میچز کھیلنے کا سلسلہ جاری رہا، ڈپٹی کمشنر سید محمد مسعود نعمان نے گورنمنٹ اسلامیہ کالج گروؤنڈ چنیوٹ کا دورہ کیا اور انتظامات و سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وہاں جاری میچ بھی دیکھا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران عصمت پنوں،سی او ایجوکیشن ظفر عباس ریحان اور چیمپئن شپ میں شریک کھلاڑی اور آفیشلز بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر سید محمد مسعود نعمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نچلی سطح پر کرکٹ کے کھیل کے فروغ کے لئے انڈر 16چیمپئن شپ کے انعقاد سے کرکٹ کاپوشیدہ ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر ضلع بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو اجاگر کیا جارہا ہے اور اس چیمپئن شپ کا انعقاد اسی سلسلے کی کڑی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ چنیوٹ کی ٹیمیں عمدہ کھیل پیش کرکے ڈویژن اور پنجاب کی سطح پر اپنی جگہ بنائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چنیوٹ میں بہت ٹیلنٹ ہے اور ضلعی انتظامیہ کھیلوں کی ترویج وترقی کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرتی رہے گی، آخر میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اوروزیر اعلی گراس روٹ لیول پر کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات کررہے ہیں اور سکولز کرکٹ چیمپئن شپ منعقد کرانا انہی اقدامات کی کڑی ہے۔