لاہور،07 ستمبر(اے پی پی): وائس چئیرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن چودھری وسیم اختر کی زیرصدارت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا جائزہ لینے اور شکایات رفع کرنے کے لئے ماہانہ اجلاس منعقد ہوا اوراس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈیلنگ افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے وائس چیئرمین او پی سی نے متعلقہ ڈی او پی سیز سے قریبی رابطے میں رہنے اور ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شمولیت کی ہدایت بھی جاری کیں اور کہا کہ ڈی او پی سیز کے اجلاس میں شمولیت نہ اختیار کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لیا جائے گا۔
کمشنر او پی سی سید خادم عباس نے بتایا کہ او پی سی کی ویب پورٹل پر موصول ہونے والی 25180 شکایات میں سے 15845شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے جس کی مجموعی طور پر شرح 64 فیصد ہے۔
ڈائریکٹر جنرل او پی سی عشرت اللہ خان نیازی نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت سے او پی سی موبائل اپلیکیشن لانچ ہونے کیلئے تیار ہے اس حوالے سے او پی سی ایکٹ 2021 کے تحت Consultancy unitقائم کیا جائے گا جس میں اوورسیز پاکستانیوں کو لیگل،ریونیو اور پولیس کے معاملات میں مفت معاونت فراہم کی جائے گی۔
چودھری وسیم اختر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں وزیراعظم کی ہدایت پر ہم ان کی فلاح و بہبود کے لئے پُر عزم ہیں۔