چھاتی کے کینسر کے بارے میں خواتین میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے؛ صدر مملکت عارف علوی

16

اسلام آباد،20ستمبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چھاتی کے کینسر ، اس کی جلد تشخیص اور علاج کے بارے میں خواتین میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرض کے متعلق مکمل آگاہی اور بروقت علاج سے قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔

 انہوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی مہم بارےاجلاس کی ویڈیو لنک کے ذریعے صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے صوبائی وزراء صحت ، پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ، بلوچستان اور سندھ کی چیف سیکرٹریز اور پمز اور شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے نمائندوں نے شرکت کی۔

صدر مملکت نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ تعلیم اور آگاہی کی کمی کی وجہ سے پاکستان میں چھاتی کے کینسر کے باعث شرح اموات تقریبا 50 فیصد ہے جو کافی تشویشناک ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین ڈاکٹروں کو چھاتی کے کینسر کے حوالے سے خواتین کالجوں اور یونیورسٹیوں میں باقاعدہ سیشن منعقد کرنے چاہئیں تاکہ اس مرض کے بارے میں آگاہی پیدا ہو۔ انہوں نے چھاتی کے کینسر کے کیسز کے بارے میں ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے مرکزی اور صوبائی سطح پر رجسٹری قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ حکومت بیماری سے نمٹنے کے لیے مناسب اقدامات کر سکے۔

 صدر مملکت نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ملک کی خواتین کو غذائیت کی کمی سمیت صحت کے متعدد مسائل درپیش ہیں جن کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے صدر نے امید ظاہر کی کہ اس سال بھی میڈیا اسی طرح کا فعال کردار ادا کرے گا تاکہ لوگوں کو اس بیماری کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ کیا جا سکے۔

صوبائی حکومتوں نے چھاتی کے کینسر کی جلد تشخیص اور علاج کے لیے اپنے صوبوں میں دستیاب سہولیات کے بارے میں صدر کو آگاہ کیا۔ اجلاس نے ملک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے صحت و نگہداشت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔