ڈالر کی قیمت اور مہنگائی ایک مستقل عمل کے طور پر ہمیشہ سے بڑھتی رہی ہے ؛ جمشید اقبال چیمہ

21

لاہور، 18 ستمبر (اے پی پی): معاون خصوصی برائے فوڈ سیکورٹی جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو مہنگائی کا ذمہ دار ٹھہرانے والے یاد رکھیں کہ جب پاکستان بنا تو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت ساڑھے تین روپے تھی اور پھر ماضی کے تمام حکومتی ادوار میں ڈالر کی قیمت اور مہنگائی ایک مستقل عمل کے طور پر ہمیشہ بڑھتی ہی  رہی ہے اور دنیا بھر کے معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یقیناً یہ کہا جا سکتا ہے کہ آئندہ بھی ایسا ہی ہوتا رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار  وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سیکورٹی جمشید اقبال چیمہ نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔انہوں  نے کہا کہ  نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی نے پالیسی اور انتظامی اہداف کے ساتھ ساتھ سٹریٹیجک ضابطے بھی طےکر لئے ہیں جن کے تحت اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو عوام کی قوت خرید کے مطابق قائم رکھنے کی کاوش کی جائے گی جبکہ آٹا گھی چینی اور دالیں سستا بازار اور یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے عوام کے لئےسستے داموں دستیاب ہوں گی۔

 ان کا کہنا تھا کہ فصلیں بہترین ہو رہی ہیں، کاٹن، چاول اور مکئی کی تاریخی پیداوار ہوئی ہے اور نیشنل ایگریکلچر پروگرام کے تحت براہ راست سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔