کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانا ہے؛ ریلوے اعظم خان سواتی

9

کراچی،27ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) ایک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروجیکٹ ہے ، تخمینہ کے مطابق اس منصوبے کو 18 سے 24 ماہ کی مدت میں مکمل ہونا ہے، یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہوگاجس میں تمام جدید سہولیات بشمول تیزرفتار الیکٹرک ٹرین شامل ہوگی ، کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پیر کو کینٹ اسٹیشن میں کے سی آر کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر براے ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا سب سے زیادہ اہم شہر ہے ، کے سی آر کے علاوہ کراچی شہر کے لئے وفاقی حکومت کے سات دیگر بڑے ترقیاتی منصوبے بھی پائپ لائن میں ہیں ۔ انہوں نے 1970 کے شہر کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ جب وہ یہاں تعلیم حاصل کررہے تھے تو اس وقت یہاں ٹرام ٹرین سروس چلتی تھی ۔

 اعظم خان سواتی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں مزید ترقیاتی کام ہونے کے بجائے یہ شہر پچھلے چالیس برسوں کے دوران تباہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1960 کی دہائی میں پاکستان ریلوے کی کوچز ایران اور ترکی سے کہیں بہتر تھیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چند ماہ میں پاکستان ریلوے منافع بخش ادارہ بن جائے گا۔