کمزور طبقے کو اٹھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم عمران خان کا پاکستان پراپرٹی ، ہاؤسنگ اور کنسٹرکشن ایکسپو 2021 کی افتتاحی تقریب سے خطاب

17

اسلام آباد۔3ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تعمیراتی شعبے میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے، ملک کے عام آدمی کو معاشی طور پر بہتر بنانا حکومت کی ترجیح ہے، پراپرٹی،ہائوسنگ اور کنسٹریکشن نمائش 2021 تعمیراتی شعبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اجاگر کرے گی،تعمیراتی صنعت کو درپیش مشکلات کو دور کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو  پاکستان پراپرٹی ، ہاؤسنگ اور کنسٹرکشن ایکسپو 2021 کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایکسپو کا انعقاد نیا پاکستان ہاوسنگ و ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مشترکہ کاوش ہے۔ایکسپو 5 ستمبر تک جاری رہے گی۔نمائش تعمیراتی شعبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کےوسیع مواقع اجاگر کرے گی۔تعمیراتی شعبہ ملکی معیشت کی ترقی اور استحکام میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔تعمیراتی شعبے کی ترقی سے  منسلک 40صنعتوں کو فروغ حاصل ہوگا جبکہ روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ایکسپو کے موقع پر نیا پاکستان ہائوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور آئی سی سی آئی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پوری کوشش کرنی چاہئے کہ سارا خام مال پاکستان میں ہی ملے اور انڈسٹری درآمدات پر کم انحصار کرے، کوشش کی جانی چاہئے کہ تمام متعلقہ خام مال پاکستان کے اندر ہی مینوفیکچر کیا جائے، میں یقین دلاتا ہوں کہ حکومت اس حوالے سے بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعمیرات کے شعبہ میں تیزی آ رہی ہے، ملک کی آبادی 22 کروڑ ہے اور اس آبادی کو گھر کی ضرورت ہے، ہمارے ملک میں کبھی موقع ہی نہیں ملا کہ ایک عام آدمی، دیہاڑی دار اور عام سرکاری ملازم اپنا گھر بنا سکے، ہم نے دو سال میں عدالتوں سے گھر کی تعمیر کے لئے بینکوں سے پیسے دیئے جانے کے حوالے سے فیصلے منظور کروائے، اب بینک لوگوں کو گھر بنانے کے لئے رقوم مہیا کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تعمیراتی شعبہ کی ترقی اور طلب میں اضافے کے باعث تعمیرات بڑھیں   گی اور اس طرح تعمیراتی شعبے کے ساتھ جڑی دیگر صنعتیں بھی ترقی کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کمزور اور غریب طبقے کو غربت سے نکالنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، دنیا میں کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک اس میں ایک چھوٹا سا طبقہ امیر اور باقی غریبوں کا سمندر ہو، ماضی کی حکومتوں نے عام آدمی کی ترقی پر توجہ نہیں دی،ہمارا نظام عام آدمی کو سہولت فراہم کرنے کی بجائے مزید الجھائو کا شکار کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان تحریک انصاف کی پالیسی یہ ہے کہ ہم اس طبقے کو آگے لے کر آئیں جس کو 70 سال سے نظرانداز کیا جاتا رہا،ہمیں چین کی ترقی کے ماڈل کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران ہم نے تعمیراتی شعبہ کو کھلا رکھنے کی اجازت دی کیونکہ جب لاک ڈائون کیا جاتا ہے تو عام آدمی، مزدور طبقہ یا دیہاڑی دار طبقہ بہت متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب اصلاحات کی بات کی جاتی ہے تو یہ ایک جدوجہد کا نام ہے، نظام میں تبدیلی کرنا ہوتی ہے، آج پاکستان میں سوچ تبدیل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو سال قبل تعمیرات کے حوالے سے جو رکاوٹیں تھیں اب وہ نہیں ہیں، ہم مسلسل اصلاحات لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تعمیراتی شعبہ میں بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع موجود ہیں، کوئی بھی ملک اس وقت ترقی کرتا ہے جب اس ملک کی نوجوان نسل کو روزگار میسر ہو، اس کے علاوہ جب تک ملک کی برآمدات میں اضافہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک کی دولت نہیں بڑھ سکتی، ملکی قرضوں کی ادائیگی بھی معیشت کی ترقی سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت ضروری امر ہے کہ حکومت انڈسٹریز کے لئے آسانیاں پیدا کرتے ہوئے ان کے ساتھ تعاون کرے لیکن اس کے ساتھ ساتھ  صنعتوں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بھی ٹیکس کی ادائیگی کے ذریعے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے ایکسپو کے انعقاد پر نیا پاکستان ہائوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور آئی سی سی آئی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ ملکر کام کریں گے، مشکلات کو دور کیا جائے گا، تعمیرات سے متعلقہ آئندہ اجلاس میں سی ڈی اے کو بھی بلائیں گے اور تمام مشکلات کو حل کیا جائے گا۔