کوئٹہ،23 ستمبر (اے پی پی ): چہلم حضرت امام حسینؑ کے حوالے سے شہید حامد شکیل حال پولیس لائن کوئٹہ میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں چہلم حضرت امام حسینؑ کے حوالے سے فول پروف سیکورٹی اقدامات کے حوالے سے کوئٹہ شہر کے انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور تجاویز پیش کی گئیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن نے کہا کہ حکومت نے چہلم امام حسینؑ کے حوالے سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کئے ہیں جبکہ دیگر انتظامی معاملات کو بھی حتمی شکل دی گئی۔انہوں نے علما کرام اور عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کرے۔اس موقع پر انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
اجلاس میں ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ اسد خان ناصر، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، انجمن تاجران، سول سوسائٹی کے عہدیداروں نے شرکت کی۔