کورونا کے باوجود پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے؛ وزیر مملکت فرخ حبیب

12

فیصل آباد،25ستمبر  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے  کہ گزشتہ سال کے دوران کورونا کی عالمی وبا نے دنیا بھر کو بری طرح متاثر کیا جبکہ ابھی تک کورونا کے آفٹر افیکٹس جاری ہیں اور پہلی، دوسری، تیسری کے بعد چوتھی لہر کا سلسلہ بھی نہ صرف جاری بلکہ انڈین ڈیلٹا وائرس پہلے سے بھی زیادہ مہلک ثابت ہورہا ہے جس کی وجہ پوری دنیا میں کورونا لاک ڈاؤن کے باعث بزنس سکڑ گئے حتیٰ کہ برطانیہ، جرمنی سمیت ترقی یافتہ ممالک میں کاروبار سمٹے لیکن پاکستان معاشی طور پر گروتھ کررہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روزفیڈمک میں جرمنی اور پاکستان کے اشتراک سے دستانے بنانے والی جاوید گلوز فیکٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں جرمنی کے سفیر فیبین ٹٹیل اور صوبائی وزیر اجمل چیمہ سمیت دیگر اہم صنعتکار بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا بھر کے مختلف ممالک میں موجود اپنے90 لاکھ اوورسیز پاکستانیوں پر فخر ہے جنہوں نے کورونا کی عالمی وبا کے دوران مشکل حالات کے باوجود 30 ارب ڈالر کی رقم پاکستان بھیجی جس سے ہماری معیشت اور زرمبادلہ کے ذخائر کو بہت سہارا ملا اور ہم امتحانی صورتحال سے نکل آئے۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہماری برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ اور امپورٹ بل میں کمی نہیں ہوگی اس وقت تک ہم خود انحصار نہیں ہوسکتے لہٰذا حکومت کی تمامتر کوشش اپنی ایکسپورٹ بڑھانے کی جانب مرکوز ہے اور اس ضمن میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو کئی مراعات و سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جس کے ساتھ ساتھ اب حکومت زرعی اجناس کی پیداوار سمیت دودھ و گوشت کی پیداوار بڑھانے کی جانب بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ روغنی اجناس اور کوکنگ آئل و دالوں وغیرہ کی درآمد کی بجائے ملک میں ہی ان کی کاشت کا رقبہ بڑھاکر ملکی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔