پشاور، 21ستمبر(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان سے پاکستان میں تعینات قازقستان کے سفیر یرزھان کسٹافن اور کرغزستان کے سفیر نے منگل کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں مشترکہ ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنرشاہ فرمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان برادرانہ اوردوستانہ تعلقات ہیں جو مذہب، تاریخ، ثقافت اور مشترکہ باہمی مفادات پرمشتمل ہیں۔پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک قازقستان، کرغزستان زراعت، جنگلات اور معدنیات سمیت دیگر قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں،خطہ میں امن اوراقتصادی ترقی کیلئے قدرت کی عطا کردہ انتہائی استعداد کواستعمال میں لانے کیلئے مشترکہ کام کرنا ہوگا۔ ہمیں دنیا میں اپنی بالخصوص نوجوان طبقے کی شناخت برقرار رکھنے کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ پاکستان براستہ افغانستان، وسطی ایشیائی ممالک تک اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کیلئے بہترین مواقع موجود ہیں۔جس کیلئے ہمیں ایک ٹھوس، جامع منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھنا ہوگیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے سفیروں کو صوبے میں معیاری زیتون، بیری شہد، زعفران اور قیمتی پتھروں کی انتہائی استعداد سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں مذکورہ شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے بہترین مواقع موجود ہیں۔