گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور دیگر مقررین کا یوم دفاع پاکستان اور حریت رہنما سید علی گیلانی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب

12

اسلام آباد۔6ستمبر  (اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری  اور دیگر مقررین نے کہا ہے کہ جوہری پروگرام اور مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی قیادت اور پوری قوم متحد ہے،سید علی گیلانی نے ہمیں اتحاد کا درس دیا،کشمیری ایک دن بھارتی تسلط سے ضرور آزادی حاصل کریں گے،سید علی گیلانی اپنی زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لئے وقف کردی، وہ کشمیریوں کی ایک توانا آواز تھے۔پیر کو تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل  کے زیر اہتمام کشمیر ہائوس اسلام آباد میں یوم دفاع پاکستان اور معروف حریت رہنما  سید علی گیلانی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ سید علی گیلانی تحریک آزادی کشمیر کی توانا آواز تھے،سید علی گیلانی نے اپنی زندگی تحریک آزادی کشمیر کیلئے وقف کردی،سید علی گیلانی نے اس دوران قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سید علی گیلانی سے قابض فوج ہمیشہ خوفزدہ رہی۔سیدعلی گیلانی کو عرصہ دراز سے گھر پر نظر بند رکھا گیا۔علی گیلانی آخری وقت تک بھارتی مظالم کے سامنے ڈٹے رہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ علی گیلانی کا نظریہ و موقف یہ رہا ہے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے،سید علی گیلانی و تمام کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،آج یوم دفاع بھی ہے، پاک فوج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتاہوں،پاک فوج نے پاکستان کے دفاع کو  مضبوط و مستحکم بنایا ہے۔   صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو پاک فوج کے جوانوں نے بھارت کو شکست سے دوچار کیا۔صدر نے کہا کہ ہم سب پاک فوج کے جوانوں کی بہادری کو سلیوٹ کرتے ہیں،بھارت نے سید علی گیلانی کا قتل کیا ہے،سید علی گیلانی جرت مند اور بہادر تھے ان کی آواز ہمشہ کشمیر کی وادیوں کی زندہ رہے گی۔صدر نے کہا کہ سید علی گیلانی کی وفات کے بعد کشمیر کی آزادی میں ایک اور جنونیت پیدا ہوچکی ہے،سید علی گیلانی کی جس طرح بھارتی افواج نے تدفین کی پوری دنیا نے مذمت کیا،بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے آگیا۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور بربریت کر رہا ہے برٹش پارلیمنٹیرین اسی طرح آواز بلند کرتے رہیں گے،ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ان کی آزادی کا وقت قریب آچکا ہے،بھارت کیلئے میرا آخری پیغام ہے افغانستان سے سبق سیکھ لے،بھارت کو بہت جلد مقبوضہ کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیریوں کا خون رنگ لا رہا ہے بہت جلد کشمیر آزاد ہوگا،آج کے دن ہم پاک فوج اور مقبوضہ کشمیر کی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،سید علی گیلانی مرحوم سمیت دیگر کشمیریوں رہنماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں۔وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا  کو افغانستان پر اربوں ڈالر خرچہ کرنے کے بعد بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،جس طرح امریکا افغانستان سے بھاگا ہے اسی طرح بھارت کشمیر سے بھاگے گا،کشمیر کے نوجوان ایک دن بھارتی افواج کو مقبوضہ کشمیر سے بھاگنے پر مجبور کریں گے۔سید فخر امام نے کہا کہ دوٹریلین اخراجات کے باوجود امریکا   کا افغانستان میں کیا حشر ہوا، نیلسن  منڈیلا 27 سال جیل رہے، مگر رہائی کے بعد انھیں کامیابی ملی،مرحوم سید علی گیلانی نے ہمیں متحد ہونے کا درس دیا،قائد اعظم نے ہمیں اک نظریے کے تحت مملکت خداداد پاکستان بنا کر دیا،ہم بھی ان شاءالله متحد ہوکر کشمیر سے ہندوستان کو بھگائیں گے۔ مسلم لیگ ن کے سابق سینیٹر جنرل ( ر) عبدالقیوم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم متحد ہے،کشمیر کاز کیلئے ہم ہرقسم کی تعاون کیلئے تیار ہیں۔جنرل ( ر) عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر، نیوکلیئر پاور و افغان امن کے معاملے پر متفق و متحد ہیں،مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے،اقوام متحدہ ایک غیر موثر ادارہ بن چکا ہے،کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہونے کی ایک وجہ عالمی برادی کی خاموشی بھی ہے۔ جنرل ( ر) عبدالقیوم نے کہا کہ بھارتی حکمران بدنیت و مسلمانوں کے قاتل ہے،ہمیں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے متحد ہوکر اپنی کوششیں جاری رکھنا ہے،ہمیں فوج پر فخر ہے اور پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔حریت رہنماء عبدالحمید لون نے کہا کہ ہم سب سید علی شاہ گیلانی ہیں،کشمیر کے ہر گھر میں سید گیلانی ہے،بھارت کی بھول ہے کشمیری تھک جائیں گے،ہم سید علی گیلانی کے مشن کو آگے  لے جانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

فاروق